اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر کراچی کے علاقے قائدآباد میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے پانچ دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کراچی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی ملیر کراچی راؤ انوار نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کو قائدآباد کے علاقےگلشن بونیر میں کالعدم تنظیم کے دفتر کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر ضلع بھر کی پولیس نفری کو طلب کر کے سرچ آپریشن شروع کیا گيا۔ پولیس کو دیکھ کر چند مکانات میں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ 20 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔ دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد پولیس کالعدم تنظیم کے مرکزی دفتر میں داخل ہوگئی جہاں سے بڑی مقدار میں مسروقہ موٹر سائیکلیں، بارودی مواد، بم بنانے کے آلات، دستی بم اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے، راؤ انوار کا کہنا ہے کہ علاقے میں اب بھی 20 سے 25 دہشت گرد موجود ہوسکتے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے کارروائی جاری ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز کا ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے۔ کراچی میں ایک عرصے سے دہشتگردانہ سرگرمیاں جاری ہے، اور آئے دن ٹارگٹ کلنگ کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔ جن میں اب تک سیکڑوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲